ہندوستان: دہلی میں فضائی آلودگی کے درمیان کہرے کا الرٹ، لوگوں کی مشکلات میں اضافہ
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی میں کمی نہیں ہو رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اب سردی کے آغاز میں کہرے کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی میں زہریلی ہوا کے درمیان سردی کے آغازکے پیش نظرانتظامیہ نے کہرے کا الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔ اس صورت حال نے لوگوں میں خوف کا سا ماحول بنا دیا ہے اور ان کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔ آلودگی کی مسلسل بڑھتی سطح نے لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
ادھر دہلی میں سردی کے موسم کی بھی آمد آمد ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں نومبر کے آخری دنوں اور دسمبر کے پہلے ہفتے میں سردی میں شدت پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سیلسیس تھا، جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔
فضائی آلودگی سے بچوں اور بوڑھوں میں آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری اور کھانسی اور بخار کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر سے باہر کی اپنی سرگرمیاں محدود کریں اور چہرے پر ماسک لگائیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok