ہندوستان: پارلیمانی حد بندی بل کابینہ میں منظور، اپوزیشن الرٹ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i459438-ہندوستان_پارلیمانی_حد_بندی_بل_کابینہ_میں_منظور_اپوزیشن_الرٹ
 ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی سیٹوں میں 50 فیصد اضافہ کیلئے آئینی ترمیم کے بل کو مودی کابینہ نے منظوری دیدی۔ یہ بل  پیر کو لوک سبھا میں اور 2 دسمبر کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ 
(last modified 2026-11-28T14:28:40+00:00 )
Nov ۲۸, ۲۰۲۶ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: پارلیمانی حد بندی بل کابینہ میں منظور، اپوزیشن الرٹ

 ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی سیٹوں میں 50 فیصد اضافہ کیلئے آئینی ترمیم کے بل کو مودی کابینہ نے منظوری دیدی۔ یہ بل  پیر کو لوک سبھا میں اور 2 دسمبر کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ 

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں اس وقت 543 سیٹیں ہیں جو اضافہ کے بعد 815 ہو جائیں گی۔ یعنی 272 سیٹوں کا اضافہ  ہوگا۔ نشستوں کی تعداد کا تعین 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ پارلیمانی حلقوں کی حدود کا ازسرنو تعین 2011 کی مردم شماری کے مطابق ہوگا۔

اطلاعات کے مطابق مودی سرکار نے خواتین ریزرویشن کو سیٹوں میں اضافہ سے مشروط کردیا ہے اور نئی حد بندی کو خواتین ریزرویشن کے طور پر پیش کررہی ہے۔ قیاس ہے کہ جن سیٹوں کا اضافہ ہوگا وہ تمام سیٹیں خواتین کیلئے مختص کر دی جائیں گی۔  نئی حد بندی 25 برس کیلئے کی جارہی ہے۔ 

ادھر اپوزیشن جس کے لیڈروں کا الزام ہے کہ نئی حد بندی بی جے پی کو مستقل اقدار میں رکھنے کی سازش ہے، الرٹ ہوگیا ہے۔

کانگریس  جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا ہے کہ ’’وزیر اعظم مودی اور امت شاہ ہندوستان کے عوام کے خلاف ایک بڑا جال بچھانا چاہتے ہیں۔ اس پورے معاملے کے پیچھے یہی منصوبہ ہے۔‘‘ اس سوال پر کہ کیا ڈی ایم کے سے بھی رابطہ کیا جا  رہا ہے، وینوگوپال نے کہا، ’’ہم سب سے رابطہ کر رہے ہیں۔ ڈی ایم کے ہمیشہ آئین کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ میرا خیال ہے کہ جو بھی آئین سے محبت کرتا ہے، وہ اس طرح کے تقسیم کرنے والے ایجنڈے کی حمایت نہیں کر سکتا۔‘

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel