ہندوستان: جھارکھنڈ میں خوفناک سڑک حادثہ، بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i459482-ہندوستان_جھارکھنڈ_میں_خوفناک_سڑک_حادثہ_بچوں_اور_خواتین_سمیت_13_افراد_ہلاک
ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں پیش آنے والے ایک خوفناک سڑک حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد کی موت ہوگئی۔
(last modified 2026-11-29T14:27:14+00:00 )
Nov ۲۹, ۲۰۲۶ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جھارکھنڈ میں خوفناک سڑک حادثہ، بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد ہلاک

ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں پیش آنے والے ایک خوفناک سڑک حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد کی موت ہوگئی۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں رانچی پٹنہ قومی شاہراہ پر کجو تھانہ حلقے کے پینکی میں واقع بی جے پی دفتر کے قریب یاتریوں سے بھری ایک اسکارپیو گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس المناک حادثے میں 13 افراد کی موت ہو گئی اور مرنے والوں میں چار بچے، چار خواتین اور پانچ مرد شامل ہیں۔ وہیں حادثے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جس کا علاج رام گڑھ صدر اسپتال میں جاری ہے۔ اس حادثے سے پورے علاقے میں غم کا ماحول ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اسکارپیو میں موجود تمام افراد بہار کے ضلع نالندہ کے گاؤں جانگھرو کے رہنے والے تھے۔ وہ رام گڑھ میں واقع چھِنّمستیکا رجرپّا مندر میں پوجا پاٹ کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران کجو کے پینکی کے قریب ان کی گاڑی بھیانک حادثے کا شکار ہو گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی میں سوار لوگوں کو سنبھلنے تک کا موقع نہیں ملا۔

یہ واقعہ ہفتے کی دیر رات پیش آیا۔ 

حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا گیا۔ حادثے کے بعد پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ ایک ساتھ 13 افراد کی موت کی خبر ملتے ہی ان کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ اسپتال میں بھی رشتہ داروں اور جاننے والوں کا ہجوم لگ گیا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel