ایران کے اسپیکر علی لاریجانی روس پہنچ گئے ہیں
ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس کے آپریشن کی حمایت کی ہے ۔
ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی روس کے شہر سوچی میں، جنگ اور امن کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے روس پہنچ گئے ہیں۔
انھوں نے روس پہنچنے کے بعد ایک گفتگو میں کہا کہ شام میں دہشت گردوں کے مراکز پر روس کے فضائی حملے ، شام کی حکومت کی درخواست پر کئے جارہے ہیں اس لئے پوری طرح قانونی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے بحرانوں کے پیش نظر، فطری طور پر سوچی کانفرنس میں علاقے میں انتشارکی صورتحال پر بھی بحث ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں ذمہ دار ملکوں کو یقینا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔
ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کو اس وقت تک سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھنے کی ضرورت ہے جب تک اس علاقے میں دہشت گردی جڑ سے نہ ختم ہوجائے ۔ انھوں نے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے منظم جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے امریکا کی قیادت میں نام نہاد داعش مخالف اتحاد کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد نے گزشتہ ایک سال میں دہشت گردی کے خلاف کوئی موثر کارروائی انجام نہیں دی ہے۔