Mar ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • وائٹ ہاؤس پر نسل پرست اور جنگ پسند ٹولہ مسلط ہے، صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکی درخواست کے خلاف اور ایران کے حق میں لیکزمبرگ کی عدالت کا فیصلہ ایرانی عوام کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے بنائی گئی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اعلی عہدیداروں کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران عالمی اداروں میں امریکا کے خلاف ایران کی قانونی اور سیاسی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی درخواست کے خلاف اور ایران کے حق میں لیکزمبرگ کی عدالت کا فیصلہ ایرانی عوام کی ایک بڑی کامیابی ہے-

صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکا، آئے دن بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتا ہے، کہا کہ وائٹ ہاؤس پر اس وقت ایک قانون شکن، نسل پرست اور جنگ پسند گروہ مسلط ہو گیا ہے-

انہوں نے عراق کے وزیراعظم کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلی فونی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس گفتگو میں دونوں ملکوں کے شہریوں کے لئے مفت ویزے کی سہولت، دریائے اروند کی صفائی اور ایران کے جنوبی صوبے خوزستان میں حالیہ سیلاب جیسے موضوعات زیرغور آئے-

  انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے اعلی عہدیداروں کے اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ شہریوں کی جان کا تحفظ، حکومت اور متعلقہ اداروں کی پہلی ترجیح ہے-

انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی بھی ملک سیلاب جیسی آفت اور اس سے ہونے والے نقصانات کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے-

صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے جنوبی صوبے خوزستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے حکام کے ساتھ تعاون کر کے مشکلات کو عبور کر لیا ہے-

ٹیگس