Apr ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۴ Asia/Tehran
  • مشہد و کاظمین میں  حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا سوگ اور ماتم

فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت پر اسلامی جمہوریہ اور عراق سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق روضہ کاظمین اس وقت عزاداروں اور زائرین سے مملو ہے اور روضہ کاظمین کے اطراف کی سڑکوں پر بھی ماتمی دستے سینہ زنی اور نوحہ خوانی میں مصروف ہیں ۔

بغداد سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ روضہ کاظمین پر اتوار کو ہی سیاہ پرچم نصب کردیا گیا اور روضہ مبارک نیز اطرف کی سڑکوں پر مجالس عزا اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کا سلسلہ اتوار کی شام سے ہی شروع ہوگیا تھا ۔ اس رپورٹ کے مطابق امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے پورے عراق سے دسیوں لاکھ عاشقان رسول و آل رسول کاظمین پہنچے ہیں عراق کے دوسرے شہروں سے زائرین اور ماتمی دستے کئی دن کی مسافت پیدل طے کرکے کاظمین شریفین پہنچے ہیں ۔

دسیوں لاکھ عراقی زائرین کے ساتھ ہی بہت بڑی تعداد میں غیر ملکی زائرین بھی حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے کاظمین پہنچے ہیں جن میں ایرانی زائرین کی تعداد زیادہ ہے ۔ ایرانی زائرین کے علاوہ پاکستان، ہندوستان اور مختلف عرب ملکوں کے زائرین بھی اس وقت کاظمین میں موجود ہیں ۔

ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ بغداد کاظمین شاہراہ پر جگہ جگہ زائرین اور ماتمی دستوں کے لئے سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ بغداد اور کاظمین میں زائرین کی سیکورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ ہی عوامی رضا کار فورس الحشدالشعبی کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔ کاظمین کے ساتھ ہی عراق کے دیگر شہروں اور قریوں بالخصوص مقدس شہروں ، کربلائے معلی، نجف اشرف اور سامرا میں بھی فرزند رسول حضرت امام موسی کاظمی علیہ السلام کےیوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ جاری ہے ۔

فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت پر ایران اسلامی بھی سوگوار وعزادار ہے ۔ایران کے بہت سے شہروں اور قریوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باوجود امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت پر عزاداری کا خاص اہتمام کیا گیا ہے ۔ایران میں عزاداری کا سب سے بڑا اجتماع مشہد مقدس میں بارگاہ رضوی میں نظرآرہا ہے جہاں اتوار کی پوری رات عزاداری کا سلسلہ جاری رہا ۔

مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پیر کو نماز صبح کے بعد عزاداری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ۔ شہر مشہد مقدس اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بارشوں کے باوجود ماتمی دستے صبح سے ہی برآمد ہوکے روضہ مبارک پر پہنچنا شروع ہوگئے تھے اور روضہ مبارک، اس کے سبھی صحن اور اطراف کی سڑکیں اس وقت بھی عزاداروں اور زائرین سے مملو ہیں جو امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کو آپ کے پدر بزرگوار کا پرسہ دینے مشہد مقدس پہنچے ہیں۔

قم میں حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی دختر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں بھی اتوار کی رات سے ہی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔ قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک اور اس کے صحنوں میں عزاداری میں بڑی تعداد میں دوسرے ملکوں کے زائرین اور غیر ملکی طلبا بھی شریک ہیں ۔اس کے علاوہ ایران کے دیگر تمام شہروں اور قریوں کی مساجد ، امام بارگاہوں اور اہلبیت اطہار کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں بھی عزاداری کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

شام سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ زینبیہ میں ثانی زہرا جناب زینب سلام اللہ علیہا اور دمشق میں حضرت رقیہ علیہا السلام کے روضوں میں بھی حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت پر عزاداری کا خاص اہتمام کیا گیا ہے ۔
 

ٹیگس