Apr ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران نہ ہوتی تو دہشت گرد یورپ کے دروازے پر پہنچ جاتے

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی عراق و شام کے بہادر عوام کے ہمراہ دہشت گردوں کے خلاف مہم میں نہ ہوتی اور داعش دہشت گرد گروہ دو عرب ممالک کے دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیتا اور پھر یورپ کے دروازے پر ایک دہشت گرد فوج کھڑی ہوتی۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کی رات ٹوئٹر پر امریکہ میں دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن کے درمیان بحث و گفتگو کی ویڈیو وائرل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویڈیو فائل میں امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ ایران شام میں داعش دہشت گرد گروہ کا قلع قمع کر رہا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دے کر اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ علاقائی توازن میں اس عوامی فورس کا اثرورسوخ اتنا گہرا ہے کہ آج عراق و شام میں عوامی رضاکار فورس بسیج کی تشکیل کے دائرے میں اس کے افکار کا بخوبی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عراق و شام کی حکومتوں کی درخواستوں پر ان دونوں ملکوں میں ایران کی فوجی مشاورت نے داعش دہشت گرد گروہ اور ان کے حامیوں کا خواب چکناچور کر دیا اور خودساختہ خلافت کی ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ عراق و شام میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی جیسی استقامت کی ثقافت، لوگوں کے دلوں میں اس طرح سے گھر کر گئی کہ ان ملکوں کے لیے  دہشت گردوں سے چھٹکارے کی ضمانت بن گئی۔

ایک وقت تھا کہ جب عراق و شام، دنیا کے اسّی سے زائد ملکوں کے دہشت گردوں کے اڈے میں تبدیل ہو گئے تھے اور داعش گروہ میں شمولیت کے لئے یورپی شہری بھی بآسانی عراق و شام منتقل ہو رہے تھے جبکہ ان دہشت گردوں کو پیشہ ورانہ طریقے سے تربیت دی جا رہی تھی جس کے نتیجے میں یورپی ملکوں کی حکومتوں کی نیندیں تک اڑ گئی تھیں لیکن جب عراق و شام میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ممتاز کردار کے زیرنتیجے میں داعش دہشت گرد گروہ کا رنگ اترنا شروع ہوا تو یورپی حکومتوں کو بھی سکون کا سانس آنا شروع ہو گیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے داعش دہشت گرد گروپ کے خلاف جنگ میں، خطے اور دنیا کے دفاع کے لئے، بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور ان کی فداکاریوں اور قربانیوں کو ایرانی قوم فراموش نہیں کرے گی۔

محمد جواد ظریف نے بدھ کے روز سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ہم نہ کبھی پاسداران انقلاب فورس کی قربانیوں کو بھول سکتے ہیں اور نہ ہی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عالمی لٹیروں کو ایرانی مسلح افواج کا ورثہ تباہ کرنے کی اجازت دیں گے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ دنوں ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسی کے دائرے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں ڈال دیا جس کے جواب میں اعلی ایرانی سلامتی کونسل نے امریکہ کو دہشت گردوں کا حامی قرار دیتے ہوئے امریکی سینٹ کام فورس کو دہشت گرد گروہ میں شامل کر دیا۔

ٹیگس