کل رات کیا جانے والا حملہ صرف ٹریلر تھا: جنرل باقری
Jan ۰۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
مسلح افواج کے مرکزی رابطہ آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، میجر جنرل محمد باقری نے دہشت گرد امریکی حکومت کے کم عقل حکمرانوں کو خـبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ شب کیا جانے والا قابل فخر حملہ ہماری مسلح افواج کی طاقت کا ٹریلر تھا اور یہ ابتدائی حملہ عالم اسلام کے عظیم جرنیل جنرل قاسم سلیمانی کے خون کا انتقام لینے کی غرض سے انجام دیا گیا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ آج کے بعد امریکہ کی ہر قسم کی جارحیت کا ٹھوس، منہ توڑ اور کہیں زیادہ شدید جواب دیا جائے گا۔
میجر جنرل باقری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کی شرپسند حکومت کے کرتا دھرتا، دنیا کے وسیع و عریض علاقے میں ایران کی عظیم طاقت کا ادراک کرتے ہوئے، ہوش کے ناخن لیں اور جتنا جلد ممکن ہوسکے، اپنی دہشت گرد فوج کو علاقے سے باہر نکال لیں۔