Mar ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • انسداد کورونا مہم کی شاندار مثال پیش کی ہے ایران نے

کورونا وائرس کے خلاف ایران کی وزارت صحت کی بھرپور کوششوں میں مزید حصہ ڈالتے ہوئے ایران کی مسلح افواج نے اپنی پوری میڈیکل اور انتظامی خدمات کو عوام کے لیے مختص کردیا ہے تاکہ کورونا وائرس کو جلد از جلد قابو میں کیا جا سکے۔

ایران میں کورونا وائرس کا آغاز ہوتے ہی صحت، صنعت، نالج بیس کمپنیوں، عوامی رضاکار فورس بسیج کے جوانوں نے انسداد کورونا وائرس نیشنل ہیڈکوارٹر کے پرچم تلے کووڈ نائنٹین کے خلاف بھرپور جنگ شروع کردی تھی تاکہ اس موذی وائرس کے مقابلے میں عوام کی جانوں کا دفاع کیا جا سکے۔ 

ایران نے ابتدائی ایام میں ہی علاج اور تحقیق جیسے شعبوں میں اپنی بھرپور توانائیوں سے کام لینا شروع کردیا تھا جس میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کٹ، دواؤں اور ویکسین کی تیاری کا عمل بھی شامل تھا اور اس کا مقصد امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے پیک کے زمانے میں کورونا وائرس کے بحران کو عبور کرنا تھا اور یہ ایرانیوں کے قومی عزم اور جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 

جہاد فی سبیل اللہ کی طرح، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور بری فوج کے جوان اپنی پوری توانائیوں اور گنجائشوں کے ساتھ قومی صحت کا دفاع کرنے والوں کی صف میں شامل ہو کے کورونا وائرس سے عوام کو بچانے میں مصروف ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے گیلان، قم اور بندر عباس سمیت ملک کے متعدد صوبوں میں تمام ضروری سہولتوں سے لیس فیلڈ ہاسپٹل قائم کرنے کے علاوہ عوامی رضاکار فورس اور جہادی تنظیموں کے تعاون سے قومی صحت تحریک کا آغاز کیا اور اس کا دائرہ شہروں سے لیکر دور دراز کے دیہات تک پھیلا دیا ہے۔ 

ایران کی مسلح افواج کے متعلقہ یونٹس عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے والی اشیا کی تیاری میں، جن میں ماسک اور سینی ٹائزر وغیرہ بھی شامل ہیں، رات دن مصروف ہیں تاکہ عوام کے لئے صحت سے متعلق خدمات کی فراہمی میں کوئی خلل واقع نہ ہو۔

ایران کی بری فوج نے اپنے تازہ اقدام کے تحت تہران کے انٹرنیشنل ٹریڈ فیر سینیٹر کے وسیع و عریض حال میں دوہزار بیڈ کا کورونا ریلیف سینٹر بھی قائم کردیا ہے جہاں کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کو رکھا جائے گا تاکہ ان کے مکمل صحت یاب ہونے کا اطمینان حاصل ہوسکے۔

عوام کو صحت مند اور پرسکون ماحول فراہم کرنے کی غرض سے پبلک مقامات اور اسپتالوں میں شیڈول کے مطابق اسپرے کرنا بھی ایران کی مسلح افواج کے جوانوں کے انسداد کرونا مشن میں شامل ہے۔ 
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بری دستے کے کمانڈر، جنرل پاکپور نے تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ بدھ سے ملک بھر میں بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کے نئے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کے نئے مرحلے میں کورونا وائرس کے انسداد کی غرض سے ملک بھر میں صفائی ستھرائی اور اسپرے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کے نئے مرحلے میں مسلح افواج کے زیر انتظام چلنے والے تمام اسپتال اور تمام فیلڈ اسپتال پوری گنجائش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں اور ملک بھر کے تین ہزار مقامات کے علاوہ دارالحکومت کے تہران کے سو مقامات کو کورونا وائرس سے پاک کیا جائے گا۔ 

جنرل پاکپور نے مزید کہا کہ مشقوں میں سپاہ پاسدران کی دس چھاونیاں اور سو یونٹ شریک ہیں جبکہ عوامی رضاکار فورس بسیج کے دس ہزار جوانوں کو مختلف شہروں اور اضلاع کے داخلی راستوں پر تعینات کردیا گیا ہے جس کا مقصد آنے جانے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کرنا ہے۔

ایران بھر میں اب تک انجام پانے والے اقدامات اور انتظامات سے بخوبی پتہ چلتا ہے کہ ایران کی میڈیکل فورس کورونا وائرس کے مقابلے میں بھرپور توانائیوں اور گنجائشوں کی مالک ہے۔

قومی سطح پر پائی جانے والے تمامتر توانائیوں اور گنجائشوں کی یکجائی اور ہم آہنگی ماضی کے چالیس سالہ تجربے کی نشانی ہے جس کے دوران ایرانی قوم نے اپنی اندرونی توانائیوں کو بھرپور طریقے سے کام میں لاتے ہوئے سخت ترین چیلنجوں کا ہمیشہ کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔

ایران اس وقت کورونا وائرس نامی عالمی چیلنج کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور بلاشبہ ملک کی بھرپور توانائیوں سے استفادے کا تجربہ، موجودہ چیلنج سے عبور کرنے کا اطمینان بخش ماڈل ہے۔

ٹیگس