Dec ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • شہید قاسم سلیمانی استقامتی محاذ کا بنیادی ستون تھے

فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں کے اعلی عہدیداروں نے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں استقامتی محاذ کا بنیادی ستون قرار دیا ہے۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے نائب سربراہ طلال ناجی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید سلیمانی نے سخت ترین دور میں بھی، جب عرب ممالک ایران پر جھوٹے الزامات عائد کررہے تھے، ہم سے تہران کی جانبداری کا مطالبہ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی جانتے تھے کہ ہماری طاقت ہماری خودمختاری ہے اور وہ اسی تعلق سے ہماری مدد کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے غزہ میں میزائل کا ذخیرہ کرنے کے عمل میں نمایاں کردار ادا کیا اور اسی کے نتیجے میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی تمام کوششیں ناکام بنائی جاتی رہیں۔

جہاد اسلامی فلسطین کے کوآرڈینیٹر اسما‏عیل ابو مجاہد نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے استقامتی محاذ کی فیلڈ فورس کا گہرا جائزہ لے کر ہمیں صیہونی دشمن کے مقابلے میں دفاع کے قابل بنایا۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیاسی امور کے انچارج ماہر الطاہر نے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کے پرشکوہ جلوس جنازہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں عجلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے سامنے شہید قاسم سلیمانی سب سے بڑی رکاوٹ تھے۔ انہوں نے مزید کہا یہ لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ قاسم سلیمانی کو قتل کرکے اسرائیل کے ساتھ کھلے اور لامحدود تعلقات کے قیام کا راستہ ہموار ہوجائے گا لیکن انہوں نے اس طرف توجہ نہیں دی کہ شہید قاسم سلیمانی استقامت اور مجاہدت کا پائیدار راستہ قائم کرکے جارہے ہیں جو اسرائیل کا چین اور سکون برباد کرتا رہے گا۔

دوسری جانب عراق کے الفتح الائنس کے سربراہ نے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی ہر پلیٹ فارم پر استقامتی محاذ کا بھرپور اور مدلل دفاع کرنے والے تھے۔ ہادی العامری کا کہنا تھا کہ شہید ابومہدی المہندس نے عراق سے فتنے کا خاتمہ کیا اور ملک کے سیکورٹی اداروں کو نابود ہونے سے بچالیا۔

یاد رہے کہ رواں برس تین جنوری کو امریکی دہشتگرد فوج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم سے ایران کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔ شہید قاسم سلیمانی حکومت عراق کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔

ٹیگس