Jan ۲۲, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف تمام سازشی منصوبے شکست سے دوچار ہوں گے: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بغداد میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور نیتن یاہو کے بیانات کا مقصد صرف ایران سے مقابلہ آرائی ہے تاہم ایران کے خلاف ذلت آمیز سازشی منصوبے ناکام ہوجائیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئٹ کرکے بغداد کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں سے لے کر نیتن یاہو کی چاپلوسی اور جوتوں کو چومنے کو ایک چال قرار دیا تا کہ ایران کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکی صدر کو پھنسائیں اور امریکی جانوں اور سرمائے کو ضائع کریں ۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ نیتن یاھو کی انتہائی مایوسی کے باوجود ، ایران کے خلاف ذلت آمیز منصوبے ایک بار پھر ناکام ہوں گے۔

اس سے قبل ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان خطیب زادے نے بغداد خودکش دھماکوں کے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد شفا یابی کی دعا کی۔

خطیب زادے نے کہا کہ عراق میں تکفیری دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد عراق کو نا امن بنانا اور اس ملک میں غیر ملکی مداخلت کا زمینہ ہموار کرنا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ماضی کی طرح اب بھی عراق کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔

واضح رہے کہ کل جمعرات کے روز بغداد میں الطیران اسکوائر میں ہونےوالے دو خودکش بم دھماکوں میں 35 افراد جاں بحق اور 110 سے زیادہ زخمی ہوئے ۔

عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے حملے میں خودکش حملہ آور نے خود کو بیمار ظاہر کرنے کی کوشش کی اور جیسے ہی لوگ اس کی مدد کے لئے آگے بڑھے تو اس نے اپنی کمر پر بندھے دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھوڑی دور پر کھڑے دوسرے دہشت گرد نے جب یہ دیکھا کہ لوگ زخمیوں کی مدد کے لئے جمع ہوگئے ہیں تو اس نے بھی خودکش دھماکہ کر دیا۔

ٹیگس