Jan ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے فردو جوہری پلانٹ کا دورہ کیا

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ فردو ایٹمی تنصیبات میں ایک مہینے سے کم وقت میں بیس فیصد افزودہ سترہ کلو یورینیئم تیار کر لیا گیا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے فردو ایٹمی تنصیبات کے دورے کے موقع پر عشرہ فجر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ  پابندیوں کی منسوخی کے لئے اسٹریٹیجک قانون پر عمل درآمد کے سلسلے میں  فیلڈ مانیٹرنگ اور اس قانون پر عمل درآمد کے نظام الاوقات کی بنیاد پر انجام پایا ہے۔ 

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایک مہینے سے کم وقت میں فردو کے شہید علی محمدی جوہری پلانٹ میں سترہ کلو یورینیئم کی بیس فیصد افزودگی انجام پائی ہے اور آئی آر دو ایم سینٹری فیوج مشینوں کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے اور اس کا کچھ حصہ نصب ہوچکا ہے جبکہ کچھ نصب ہو رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں پیشرفت  و ترقی کے لئے ٹھوس قدم اٹھانے کے لئے صنعت، زراعت اور اقتصاد جیسے مختلف میدانوں میں ترقی کے وسائل کی ضرورت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ پیشرفت کا ایک نہایت مؤثر وسیلہ ایٹمی صنعت ہے۔ 

محمد باقر قالیباف نے طب کے شعبے میں ایران کے ادارۂ ایٹمی انرجی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میدان میں بھی انجام پانے والے نمایاں اقدامات کا یہاں مشاہدہ کیا اور دوسرے شعبے بھی ریڈیو میڈیسن، تشخیص، علاج اور سروس  کے شعبے میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں جن پر ہمیں توجہ دینا چاہئے۔ 

انھوں نے کہا کہ اگر ہمارے سامنے کھڑا ہوا ایک مضبوط دشمن جو نہیں چاہتا کہ ہمارے پاس ایسی اہم ٹیکنالوجی اور سائنسی انفرا اسٹکچر ہو، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اسے ایک مضبوط ، باصلاحیت اور دانشمند ایران سے پریشانی ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ ہم پابندیوں کی منسوخی کے اسٹریٹیجک قانون پر عمل درآمد کے لئے پر‏عزم ہیں۔

ٹیگس