Oct ۱۴, ۲۰۲۱ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل باقری کی پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کا استقبال کیا اور ایرانی وفد کے دورے کا خیر مقدم کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران دوشنبے میں ہوئی ملاقات کا ذکر کیا، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ انہوں نے تجارتی تعلقات سمیت معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا۔

عمران خان نے ایران پاکستان سرحد کو ‘امن اور دوستی’ کی سرحد سے تعبیر کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم نے سرحدی منڈیوں کے قیام کے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مارکیٹوں کے فعال ہونے سے خطے کے عوام کو سہولت ہوگی۔
اس سے قبل ایران کے اعلیٰ فوجی عہدے دار نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں افغانستان کی صورت حال، علاقائی سیکیورٹی، بارڈر منیجمنٹ خصوصاً ایران پاکستان سرحد پر باڑ کے علاوہ خطے کے امن اور دہشت گردی کے مقابلے میں مل کر کام کرنے اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وفد نے شہدائے پاکستان کے لیے دعا کی اور یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے۔

ٹیگس