امریکہ بدستور علاقے کو بحرانوں سے دوچار کرنے کے درپے ہے: شمخانی
امریکہ خطے میں بدستور نئے نئے بحرانوں کو جنم دینے کی کوشش کر رہا ہے، یہ بات ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی شمخانی نے کہی۔
ایران کی سلامتی کونسل کے سیکریٹیریٹ کے مطابق ایڈمیرل علی شمخانی نے منگل کے روز ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے علاقائی سکیورٹی کے حوالے سے نشست کے انعقاد پر خوشی کا اظہار اور علاقے کو بد امنی سے دچار اور اسکی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے والے خطرات سے مل کر مقابلہ کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے ہندوستان میں منعقد ہو رہے علاقائی سکیورٹی کے تیسرے اجلاس کے مرکزی موضوع افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اس اجلاس میں ہماری کوشش ہوگی کہ اسکے شرکا کے ساتھ مل کر خطے بالخصوص افغانستان میں بحرانوں کو جنم دینے والے اسباب و عناصر کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ افغانستان میں جامع اور وسیع البنیاد حکومت کے قیام میں کچھ مشترکہ عملی راہ حل تک پہنچ جائیں۔
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے مشیر نے مزید کہا کہ اگرچہ امریکہ بیس سال تک افغانستان میں جنگ و جارحیت کا ارتکاب کرنے کے بعد اس ملک سے باہر نکل گیا ہے، تاہم وہ بدستور خطے میں بحرانوں کو جنم دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ ایڈمیرل علی شمخانی علاقائی سیکورٹی اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی پہنچے ہیں۔ یہ اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے جس میں ایران، روس، ہندوستان، قزاقستان، ترکمنستان، ازبکستان، تاجکستان اور قرقیزستان شریک ہیں۔