ایران نے مذاکرات کا مقصد بیان کردیا
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور چیف ایٹمی مذاکرات کار علی باقری کنی نے کہا ہے کہ مذاکرات کا مقصد پابندیوں کا خاتمہ اور اس بات کی ضمانت حاصل کرنا ہے کہ امریکہ آئندہ ایٹمی معاہدے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔
پریس ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ، ایران کے نائب وزیر خارجہ اور چیف ایٹمی مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ تہران سمجھتا ہے کہ مذاکرات کا اصل ہدف امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ، ایران کے خلاف پابندیاں مسلط کی ہیں۔
علی باقری کنی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران نے سن دوہزار پندرہ میں ایٹمی مذاکرات مکمل کر لیے تھے اور ایٹمی معاہدہ اس کا نتیجہ تھا لیکن امریکہ نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلی اور سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تہران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کردیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور چیف مذاکرات کار نے یورپی ٹرائیکا کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے سیاسی حکام کے ساتھ بات چیت ٹھوس اور تعمیری تھی۔
واضح رہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور چیف ایٹمی مذاکرات کار یورپی ملکوں سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعے کو اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ پہنچ گئے ہیں۔اسپین سے پہلے انہوں نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ کا دورہ کیا تھا۔