ایران کے نائب وزیر خارجہ کی روسی و چینی ہم منصب سے گفتگو، ویانا مذاکرات کو کامیاب بنانے کا حل بتایا
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اپنے روسی اور چینی ہم منصبوں سے تبادلہ خیال کیا۔
علی باقری نے پیر کے روز اپنے روسی ہم منصب ’سرگئی ریابکوف‘ اور چینی ہم منصب ’ما ژائوسو‘ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ گفتگو میں ویانا میں آئندہ مذاکرات کی کامیابی کے لئے ایران کے خلاف پہلے پابندیوں کے خاتمے کو لازمی قرار دیا ہے۔
ارنا کے مطابق، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی اس گفتگو میں علی باقری نے ان سبھی پابندیوں کے آئندہ مذاکرات سے پہلے ہٹائے جانے کو ضروری بتایا جو جوہری معاہدے اور سکورٹی کاؤنسل کی قرارداد 2231 کے خلاف ورزی کرتے ہوئے لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پابندیوں کے ہٹنے کی تصدیق کو بھی مذاکرات کی کامیابی کی شرط بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی بحالی کے نتیجے میں ایران کو اقتصادی فائدہ پہونچنا ہی پابندیوں کے عملی طور پر ختم ہونے کی تصدیق سمجھی جائے گی۔
انہوں نے امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کو آئندہ مذاکرات کی ترجیحات میں شمار کیا۔ علی باقری نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے جامع ایٹمی معاہدے جے سی پی او اے کی خلاف ورزی اور ایران کے خلاف دوبارہ پابندیاں ہی جوہری معاہدے کے پٹری سے اترنے کی اصل وجہہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ویانا میں ایران اور گروپ چار جمع ایک درمیان 29 نومبر کو مذاکرات ہونگے۔