تین نئے فلوٹس بحریہ کے حوالے کیے جائیں گے
تین نئے فلوٹس عنقریب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے حوالے کردیے جائیں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر جنرل علی رضا تنگسیری کا کہنا تھا کہ رواں ایرانی سال کے اختتام تک تین نئے فلوٹس ہماری بحری فورس میں شامل کیے جائیں گے۔انہو ں نے کہا کہ ایران انتہائی اہم جغرافیائی پوزیشن کا مالک ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر پچھلے ایک سال کے دوران علاقے میں امریکہ کے ساتھ متعدد بار ہمارا ٹکراؤ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ٹکراؤ کے بہت سے واقعات کی خبریں سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔ البتہ اس عرصے میں ایران نے کم سے کم چھے بار امریکہ کے منہ پر طمانچہ رسید کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری فورس کے کمانڈر نے بحیرہ عمان میں روکے گئے تیل بردار بحری جہاز کے بارے میں کہا کہ یہ جہاز ایرانی تیل چوری کرکے لے جارہا ہے اور امریکی میرین اس کی سرپرستی کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں نے تین نومبر کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے، امریکی فوج کے ذریعے ایرانی تیل کی چوری اور اسے نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔