Dec ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • لاہور میں ایران و پاکستان کا تجارتی اجلاس

ایران اور پاکستان نے دو طرفہ تجارت میں مزید اضافے کی راہوں اور رکاوٹوں کا جائزہ لیا۔

 ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر جنرل محمد رضا ناظری نے لاہور کی تاجر برادری سے ملاقات میں ایران اور پاکستان کے تاجروں کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کی راہوں کا جائزہ لیا۔

اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان جنس کے عوض جنس کی تجارت کے سلسلے میں ہونے والے معاہدے کے پیش نظر فریقین نے دونوں ملکوں کو درکار ضرورت کی اشیاء کے سلسلے میں دو طرفہ تجارت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے طریقہ کار اور سرمایہ کاروں کے لئے فائننس کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فریقین نے باہمی تجارت کی راہ میں حائل کسٹم جیسی رکاوٹوں، دونوں ملکوں کے تاجروں کے اندر ایک دوسرے کی گنجائشوں کی شناخت نہ ہونے اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے تجارتی وفود کی رفت و آمد کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔

لاہور میں ایراس کے قونصلر جنرل اور پاکستانی تاجروں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شہر لاہور کے اہم تجارتی مراکز کے سربراہان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں لاہور کی تاجر برادری کے سربراہ ملک امانت علی نے ایران اور پاکستان کے صوبہ پنجاب کے درمیان تجارت کے فروغ کی اپیل کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی اقتصادی گنجائشوں سے استفادہ کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ٹیگس