ایرا ن نے کی شام کے مقبوضہ علاقے جولان میں صیہونی کابینہ کے اجلاس کی مذمت
سعید خطیب زادہ نے شام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی یکجہتی اور بھرپور حمایت پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایرا ن کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے شام کے مقبوضہ علاقے جولان میں صیہونی کابینہ کے اجلاس کی شدید مذمت کرتے ہوئے صیہونیوں کے اس جارحانہ اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیا۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں بالخصوص سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کے مطابق مقبوضہ جولان، شام کا اٹوٹ انگ ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ہر سال اس ناقابل تردید حقیقت پر زور دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولان کی پہاڑیوں میں بستیوں کی توسیع اور صیہونی مہاجرین کی تعداد میں اضافہ کسی بھی طرح سے حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا اور صیہونی آباد کاروں کو جان لینا چاہیے کہ وہ مقبوضہ سرزمین میں ہمیشہ کے لیے نہیں رہ سکیں گے۔
سعید خطیب زادہ نے اس سلسلے میں شام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی یکجہتی اور بھرپور حمایت پر زور دیا۔