مذاکرات کی ممکنہ ناکامی کے ذمہ دار امریکہ اور یورپی ممالک ہوں گے: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کی ممکنہ ناکامی کے ذمہ دار امریکہ اور یورپی ممالک ہوں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی ٹیوی چینل "سی این این" کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ویانا مذاکرات کی کسی بھی ممکنہ ناکامی کا ذمہ دار امریکہ اور یورپی ممالک کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ویانا میں ایک اچھے معاہدے تک پہنچنے کے لیے پر امید ہیں اور سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ تہران ویانا مذاکرات کے نتائج کے بارے میں پر امید ہے اور اگر یہ مذاکرات ناکام ہوئے تو ہم سمجھتے ہیں کہ امریکی اور دوسرے فریق ذمہ دار ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ظاہر کیا ہے کہ واقعی ایک معاہدے تک پہنچنا اور ایک معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کرنا چاہتا ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ان مسائل کو حل کیا جائے تو ہم چند گھنٹوں میں یا چند دنوں میں ایک معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں ۔
واضح رہے کہ ویانا میں آٹھویں دور کے مذاکرات جاری ہیں۔