Mar ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۷:۳۱ Asia/Tehran
  • صیہونی سازشوں سے مقابلے کے لئے عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے: صدر ایران

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے غاصب صیہونی حکومت کے دشمنانہ اقدامات سے مقابلے کے لئے اسلامی ممالک اور امت اسلامیہ کے اتحاد و بھائی چارے پر زور دیا ہے۔

صدر ایران کی خصوصی ویب سائٹ کے مطابق پیر کے روز شام کی قومی سلامتی دفتر کے سربراہ علی مملوک نے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر ایران کے صدر نے کہا کہ سامراجی طاقتوں کی دشمنی کا سلسلہ علاقائی ممالک و اقوام کے خلاف بدستور جاری ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے سبھی اسلامی ممالک کو ایک جٹ ہو کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے دہشتگردی سے مقابلہ کرنے والے سورماؤں اور شہیدوں بالخصوص شہید قاسم سلیمانی کو یاد کیا اور عالمی دہشتگردی کے مقابلے شامی عوام کی بے مثال مزاحمت و استقامت کو سراہتے ہوئے شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور اقتدار اعلیٰ کے احترام پر زور دیا۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ امریکہ شام میں اقتصادی اور سکیورٹی مشکلات کو ہوا دے کر ان کے سلسلے کو مختلف شکلوں میں آگے بڑھانے کے درپے ہے۔ سید ابراہیم رئیسی نے ایران و شام کے رشتوں کو اٹوٹ بندھن سے تعبیر کیا اور کہا کہ تہران و دمشق کے مابین ہمہ جہتی تعلقات استوار ہیں۔

اس موقع پر شام کے دفتر برائے قومی سلامتی کے سربراہ علی مملوک نے بھی ملکی صدر بشار اسد کا سلام صدر ایران کو پہنچایا اور کہا کہ شامی عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایران کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

ٹیگس