پشاور حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری، عام سوگ کا اعلان، حملے کا جاری ہوا ویڈیو
اسلامی جمہوریہ ایران نے پشاور کی جامع مسجد میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے نماز جمعہ کے دوران دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام، مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے مقصد سے انجام دیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کے جلد از جلد شفایاب ہونے کی دعا کی۔
سعید خطیب زادے نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے سیکورٹی حکام موثر اقدامات کرکے دہشت گردانہ اقدام روکنے میں کامیاب رہیں گے۔
دوسری جانب قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے تین دن سوگ اور اتوار کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے امام جمعہ سمیت 57 نمازیوں کی شہادت پر سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگایا اور واقعے کی غیر جانبدار انوسٹی گیشن اور مجرموں کی تشخیص کرکے قانون کے حوالے کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پراسیکوشن کے ذریعے مجرموں کو کیفرو کر دار تک پہنچایا جائے۔
ادھر بعد نماز جمعہ سید وصال حیدر نقوی اور ملت تشیع کے تمام بے گناہ اسیروں کی رہائی کے لیے اور سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے سامنے جاری ہے۔
دوسری جانب تلہ گنگ بار ایسوسی ایشن نے قصہ خوانی مسجد پشاور میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعہ اور اس میں شدید جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 مارچ بروز ہفتہ کو مکمل سوگ کے طور پر عدالتی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے اور معزز ممبران بار سے گزارش ہے کہ کل 5 مارچ بروز ہفتہ کو عدالتوں میں پیش نہ ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے شہر پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار میں واقع شیعہ جامع مسجد میں خودکش دھماکے میں 57 افراد شہید اور 129 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ کچھ دن قبل پشاور میں دہشت گردی کے حوالے سے سیکورٹی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔