Mar ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران ہر قسم کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے گا, ایرانی کمانڈروں کا بیان

ایران کی مسلح افواج کے کمانڈروں نے دفاعی توانائیوں پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کو بھی جارحیت اور سیکورٹی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے اور دشمنوں کی غلطی اور حماقت کی صورت میں ہمارا جواب بہت سخت ہوگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر نے کہا ہے اگر کسی نے ایران کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوئی غلطی بھی کی تو اسے منھ توڑ جواب ملے گا اور ہمارا جواب  ایسا ہوگا جو دشمنوں کو پشیمانی پر مجبور کردے گا۔

ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر حمید واحدی نے ملکی سرحدوں کی حفاظت  کے لئے ایران کی فضائیہ کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کی آزادی و سلامتی اور ارضی سالمیت و فضائی حدود کے تحفظ میں اس ملک کی فضائیہ کا کردار اہم ہوتا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ سرحدوں اور خاص طور سے فضائی حدود میں پائیدار سلامتی جاری رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انھوں نے ملکی فضائی حدود کی حفاظت کے تعلق سے ایران کی فضائیہ کی آمادگی و چوکسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی فضائیہ، آمادگی کے حوالے سے ماضی سے کہیں زیادہ چوکس و آمادہ ہے اور فضائیہ کی آمادگی اس وقت اپنی نوعیت کے اعتبار سے مثالی ہے۔

ایران کی فضائیہ کے کمانڈر نے امن و تحفظ کو ایران کی مسلح افواج کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے ایران کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوئی بھی غلطی کی تو اسے منھ توڑ جواب ملے گا ایسا جواب جو دشمنوں کو پشیمانی پر مجبور کردے گا۔

دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے دفاع مقدس کے دور کے محاذوں  اور ان علاقوں  کے دورے کے موقع پر کہا  کہ دشمنوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کے مقابلے میں اپنی شکست کا خود اعتراف کیا ہے اور اسلامی انقلاب سے دشمنی برتنے والے بیشتر عناصر کو نہایت بری طرح سے اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقدس دفاع کے دوران ایرانی جیالوں کی شجاعت و بہادری کی یادآوری گرانقدر اہمیت کی حامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں ہمارے جانبازوں اور جانثاروں کا ہدف و مقصد وہی تھا جو نواسہ رسول حضرت امام حسین ع کا تھا اور جہادی طریقے سے اس دور کے تجربے اور ثمرات کو آج کے نوجوانوں کو پیش کیا جانا ضروری ہے۔

اس درمیان ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دفاعی توانائی اور سفارتکاری اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت ہیں جن کا استعمال ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے دفاع میں مناسب اسمارٹ طریقے سے کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے چالیس سے زائد برسوں کے تجربے نے ہمارے عوام کو سکھا دیا ہے کہ مشرق و مغرب پر بھروسے سے ان کے حقوق اور سلامتی کا تحفظ نہیں ہو سکتا۔  

 واضح رہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اتوار کی علی الصبح عراق کے اربیل علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کے جاسوسی کے دو اڈوں کو اپنے میزائلوں کا نشانہ بنا کر اس غاصب حکومت کو عبرت آمیز درس دیا ہے۔

ٹیگس