افغانستان کو بین الاقوامی برادری کی مزید توجہ کی ضرورت ہے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایران اور چین نے افغان عوام کی آزادی، قومی اتحاد اور حقوق کی حمایت پر زور دیا۔
ارنا رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے چین میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ افغانستان کو بین الاقوامی برادری کی مزید توجہ کی ضرورت ہے۔
امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ایران اور چین آزادی، قومی اتحاد اور عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت پر زور دیتے ہیں اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مستحکم اور ترقی یافتہ افغانستان کی امید رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ حسین امیر عبداللہیان بروز منگل ایک سطحی سیاسی وفد کی قیادت میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے تیسرے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے چین کے مشرقی صوبہ انہوئی میں واقع شہر تونشی کے دورے پر روانہ ہوئے۔
افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کا یہ تیسرا اجلاس ہے جو اس بار چین کی میزبانی میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں چین کے علاوہ ایران، پاکستان، تاجیکستان، ترکمنستان، ازبکستان، اور روس کے وزرائے خارجہ شریک ہیں جبکہ قطر اور انڈونیشیا کے وزرا کو بھی بحیثیت مہمان کے دعوت دی گئی ہے۔ افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی اس اجلاس میں مدعو کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کا دوسرا اجلاس 27 اکتوبر 2021 کو اسلامی جمہوریہ ایران کی میزبانی میں تہران میں منعقد ہوا تھا جبکہ اس نوعیت کا پہلا اجلاس آن لائن 8 ستمبر 2021 کو ہو جسکی میزبانی پاکستان نے کی تھی۔