Apr ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • چینی وزیر دفاع کی صدر ایران سے ملاقات، دونوں ممالک تعلقات میں مزید فروغ کے خواہاں

ایران اور چین اپنے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

چینی وزیر دفاع ویو فنگ نے بدھ کے روز تہران میں صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ایران نے کہا ہے کہ علاقے اور عالمی حالات کے پیش نظر ضرورت اس بات کی ہے کہ ایران اور چین اپنے دو طرفہ تعلقات و تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ملکوں کو کنٹرول کرنے کے لئے خودسرانہ پالیسی اور تسلط پسندی سے دنیا کی پائیدار ترقی پر اثر پڑتا ہے۔ صدر ایران نے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ علیحدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اس دوران ایران پر بے تحاشا دباؤ ڈالنے کی کوشش کی مگر ایران کی استقامت نے اس کی کوششوں اور امیدوں پر پانی پھیر دیا اور آج امریکی حکام خود اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی شکست سے دوچار ہوگئی ہے۔

اس ملاقات میں چینی وزیر دفاع نے بھی ایران اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لئے مفید قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک تمام عالمی مسائل میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کر سکتے ہیں۔

ٹیگس