May ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  • علاقے کا مستقبل قوموں کی استقامت رقم کرے گی مذاکرات نہیں: صدر ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ علاقے اور فلسطین کا مستقبل مذاکرات نہیں بلکہ قوموں کی استقامت رقم کرے گی۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے آج تہران میں شام کے صدر بشاراسد اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں کہا کہ جو چیزعلاقے اور فلسطین کا مستقبل رقم کرے گی وہ مذاکرات کی میزیں، اوسلو، کیمپ ڈیویڈ اور سینچری ڈیل جیسے معاہدے نہیں ہیں بلکہ قوموں کی استقامت و مزاحمت ہے جو علاقے کے نئے نظام کا تعین کرے گی۔

 انہوں  نے شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا احترام کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس وقت علاقے کے بعض عرب اور غیر عرب حکمراں شام کی حکومت گرنے پر شرط لگا رہے تھے، ایران شامی قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑا تھا۔

سید ابراہیم رئیسی نے شام کے کچھ حصہ پر بیرونی فوجیوں کے قبضے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شام کا چپہ چپہ غاصبوں کے قبضے سے آزاد ہونا چاہئے۔

صدر ایران نے کہا کہ تہران دمشق کے ساتھ باہمی تعاون خاص طور سے اقتصادی و تجارتی میدانوں میں تعاون کو بڑے پیمانے پرفروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ سیکورٹی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں بڑے پیمانے پر یکجہتی اور تعاون بڑھانے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔

بشار اسد نے علاقے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اہم کردار پر زور دیا۔ شام کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملت شام کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مغربی و تکفیری جارحیت کے مقابلے میں ایران وہ واحد ملک تھا جو شروع سے آخر تک شام کی قوم و حکومت کے ساتھ کھڑا رہا اور شام کی قوم اور حکومت ایران کی شکر گزار ہے اور خود کو ایران کا مرہون منت سمجھتی ہے۔

 

ٹیگس