یوکرین ہو یا کہیں اور، ایران جنگ کا مخالف ہے: امیرعبداللہیان
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان سیاسی مذاکرات جلد سے جلد جنگ بندی اور قیام امن پر منتج ہونے چاہئیں۔
حسین امیرعبد اللہیان نے اتوار کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں پولینڈ کے وزیر خارجہ زبیگنیو راؤ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یوکرین اور دنیا کے ہر حصے میں جنگ کا مخالف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا خیال ہے کہ یوکرین کے بحران کا حل سیاسی ہے اور سیاسی مذاکرات جلد سے جنگ بندی اور قیام امن پر منتج ہونا چاہئے۔
امیرعبد اللہیان نے یوکرین کے وزیر خارجہ سے اپنے ٹیلیفونی رابطے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں یوکرین کے وزیر خارجہ سے اس ملک کے حالات کے بارے میں گفتگو کر چکا ہوں اور روسی وزیر خارجہ سے ہونے والی دو ملاقاتوں میں یوکرین کے وزیر خارجہ کی جنگ بندی اور گفتگو کی درخواست پر مبنی پیغام پہنچا چکا ہوں۔
حسین امیرعبد اللہیان نے کہا کہ پولینڈ نے حالیہ مہینوں میں جنگ و بحران کے زمانے میں یوکرینی پناہ گزینوں اور ایرانی شہریوں کو اس ملک کے مختلف علاقوں سے پولینڈ اور وہاں سے ایران کی جانب روانہ کرنے میں اہم انساندوستانہ کردار ادا کیا جو قدردانی کے قابل ہے۔
پولینڈ کے وزیر خارجہ زبیگنیو راؤ گذشتہ شب ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے ہیں۔