عراق میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سپاہ پاسداران کا حملہ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بدھ کے روز شمالی عراق میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے اور گولہ باری کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری شعبے نے اعلان کیا ہے کہ گرفتار کئے جانے والے دہشت گردوں کی جانب سے اس بات کے اعتراف کے بعد کہ شمالی عراق میں تعینات دہشت گرد ایران کے خلاف ناپاک منصوبے تیار کئے ہوئے ہیں اس علاقے میں ان دہشت گردوں کو ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلان کے مطابق عالمی سامراج سے وابستہ دہشت گرد گروہ کی اشتعال انگیزی کے بعد کہ جس کے تحت کچھ دہشت گرد عناصر نے ایران میں تخریبی کارروائیوں کی غرض سے ایران کے علاقوں میں دراندازی کی، ایران کی انٹیلیجینس نے ان دہشت گردوں کا پتہ لگایا اور بانہ کے علاقے سے انہیں گرفتار کرلیا۔
اس رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں سے تفتیش کے دوران ایران میں اس گروہ کے ناپاک منصوبوں کا پتہ چلا اور پھر ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بری شعبے کے حمزہ سید الشہدا بریگیڈ نے کارروائی کی اور شمالی عراق میں ان دہشت گرد عناصر کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
تیرہ مارچ کو بھی ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اربیل عراق میں غاصب صیہونی حکومت کے جاسوسی ادارے موساد کے ٹھکانے کو ٹارگیٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران کی مسلح افواج نے بارہا خبردار کیا ہے کہ ملک کی شمال مغربی سرحدوں پر پڑوسی ملکوں میں دہشت گردوں کی کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کی کسی بھی طرح کی کارروائی کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔