آگ بجھانے میں مؤثر تعاون کرنے پر پاکستان نے ایران کی قدردانی کی
ایران کے فائر فائٹر طیارے کی مدد سے بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جس پر پاکسان کی فضائیہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کی قدردانی کی ہے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شیرانی کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر14روزبعد قابو پالیا گیا، آگ سے وسیع رقبے پر پھیلے چلغوزہ اور زیتون کے جنگلات کو نقصان پہنچا ہے۔
آگ تمام متعلقہ محکموں کی کوششوں سے بھجائی گئی ہے تاہم آگ پر قابو پانے میں برادر اور پڑوسی ملک ایران کا فائر فائٹر طیارہ کافی مدد گار ثابت ہوا۔
پاکستان کی ایئر فورس نے ایک بیان جاری کر کے بلوچستان جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں ایران کے ارسال کردہ فائر فائٹر طیارے کے مؤثر کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد ہمیشہ مشکل اور کٹھن گھڑیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لینے کے لئے ایران کا فائر فائٹر طیارہ گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔
ایرانی فائر فائٹر طیارہ پہلے راولپنڈی کے نور خان ائیربیس پہنچا جہاں طیارے کو فائر فائٹنگ آپریشن کے لیے مطلوبہ مقدار میں پانی فراہم کیا گیا۔ ایرانی فائرفائٹر نے آگ بجھانے کے آپریشن میں باضابطہ شمولیت اختیار کی اور فضا سے بھاری مقدار میں پانی کا چھڑکاؤ کرکے جنگلات کی آگ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فائرفائٹنگ آپریشن میں شامل ہونے کے لئے ایران کے طیارے کو اسپیشل فضائی روٹ دیا گیا۔
فی الحال امدادی سرگرمیوں کا مقامی سطح پر کام جاری رہے گا۔ نقصان کاجائزہ لینے کےلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی۔