ایران مخاصمانہ سازشوں کے باوجود ترقی کر رہا ہے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہےکہ تمام تر مخاصمت اور دشمنی کے باوجود ایران ترقی و پیشرفت کی منزلیں طے کر رہا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے ارکان کو خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران ہر دشمنی اور مخاصمت کے مقابلے میں سینہ سپر ہے اور ترقی اور کامیابی کے راستے پر گامزن ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ملک کی جغرافیائی اور سیاسی پوزیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دنیا کے موجودہ حالات نے تقریبا تمام ملکوں کے لیے بہت سی دشواریاں پیدا کردی ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ مختلف طاقتوں کی باہمی مخاصمانہ مقابلہ آرائی، ایٹمی طاقتوں کی ایک دوسرے کو دھمکیاں، یورپ کے قریب جنگ کا آغاز اور فوجی نقل و حرکت، وبا کا پھیلاؤ اور عالمی سطح پر غذائی قلت کے خدشات ایسے اسباب ہیں جنہوں نے دنیا کو خاص مقام پر لا کھڑا کیا ہے اور ملکوں کا انتظام چلانا مشکل اور پیچیدہ کردیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید صراحت کے ساتھ فرمایا کہ ان حالات کے علاوہ جن کا ساری دنیا کے ملکوں کو سامنا ہے، ایران مختلف معاملات میں عالمی طاقتوں کے کھڑے کردہ چیلنجوں سے بھی نبرد آزما ہے۔آپ نے فرمایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایران نے دنیا میں اسلامی جمہوریت کا نیا نمونہ پیش کرکے، تسلط پسندانہ نظام کے حساب کتاب کو درھم برھم کر دیا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے، اراکین پارلیمنٹ، حکومت، عدلیہ اور دوسرے تمام اداروں کو احساس ہونا چاہیے کہ ان کے کاندھوں پر کتنی خطیر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔