کسی بھی ملک میں دوسرے ملک کی فوجی کارروائی درست نہیں: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دوسرے ممالک میں کسی بھی قسم کے فوجی اقدامات کی مخالفت کی ہے۔
سحر نیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زاده نے دوسرے ممالک میں کسی بھی قسم کے فوجی اقدامات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کو شام کی ارضی سالمیت کا احترام اور اپنے خدشات کو شام کے ساتھ مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا چاہیے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کی سرحد پر ترکی کی فوجی نقل و حرکت اور فوجی حملے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران دیگر ممالک میں فوجی کارروائی کے خلاف ہے، دوسرے ممالک میں فوجی کارروائی سے حالات مزید پیچیدہ ہوجاتے ہیں، ایران کو ترکی کے خدشات کا علم ہے، اُسے اپنے خدشات دور کرنے کے لئے فوجی مداخلت کے بجائے شامی حکومت کے ساتھ مذاکرات اور گفتگو کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
خطیب زادہ نے کہا کہ حالیہ برسوں کے تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دوسرے ممالک میں فوجی مداخلت سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔ خطیب زادہ نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے درمیان مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہے۔