مسجد الاقصی کی بے حرمتی پر ایران کا سخت رد عمل
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نسل پرست صیہونی ریاست کے ہاتھوں مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اسرائیل کے ہاتھوں مسجد الاقصی کی اہانت و بے حرمتی، مسلمانوں کے قبلۂ اول کے محافظوں پر حملے اور فلسطینیوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بیت المقدس پورا کا پورا اُس فلسطین کا دارالحکومت ہے جس کی سرحدیں بحر سے نہر تک ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے فلسطینی عوام کی مزاحمت اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول کے تحفظ کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسلامی ممالک اور امت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بیت المقدس کی آزادی کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی بھرپور مدد کریں۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اسلامی مزاحمتی تنظیمیں مسجد الاقصی کی حفاظت کے سلسلے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی اداروں اور برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کو مسجد الاقصی پر دست درازی کرنے اسکی اہانت کرنے سے باز رکھیں۔