Jun ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • نہ مشرق اور نہ مغرب کے نعرے کا مطلب مشرق و مغرب پر عدم انحصار ہے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ نہ مشرق اور نہ مغرب کے نعرے کا مطلب مشرق اور مغرب سے الگ تھلگ اور دوری نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد مشرق اور مغرب پر عدم انحصار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بانی انقلاب اسلامی کے مزار میں منعقدہ "مکتبِ خمینی (رہ) میں متوازن خارجہ پالیسی" کانفرنس میں قائد اسلامی انقلاب اور بانی انقلاب کے اہلخانہ کو امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی پر تعزیت  پیش کی۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی 13ویں حکومت کی خارجہ پالیسی کے اصول اور بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کے افکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہ مشرق اور نہ مغرب کے نعرے کا مطلب مشرق اور مغرب سے الگ تھلگ اور دوری نہیں ہے بلکہ اس کا صحیح مطلب مشرق اور مغرب پر عدم انحصار ہے اور اسی کے تحت ہم نے ایشیا کو اپنے پڑوسیوں کو ترجیحی بنیادوں پر اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کی جنگ کے بعد، میں نے اپنے دورہ ماسکو کے دوران، روس کے وزیر خارجہ "سرگئی لاوروف" کے سامنے ایران کا موقف واضح طور پر بیان کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اپنی خارجہ پالیسی میں آزادانہ طور پر اور اپنے قومی مفادات کے مطابق کام کرتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) نے اپنی عملی زندگی میں خارجہ پالیسی کے عہدیداروں کو اپنی سفارشات میں جو باتیں کہیں ان میں سے ایک بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری ہے۔

امیر عبداللہیان نے کہا کہ ویانا میں ہونے والے مذاکرات، پابندیوں کے معاملے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں، جن میں سے زیادہ تر امریکہ کی طرف سے لگائی گئیں یکطرفہ پابندیاں ہیں۔

ٹیگس