Jun ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
  • امام خمینی (رہ) کی برسی پر آج رہبر انقلاب کا براہ راست خطاب

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای آج بروز ہفتہ (4 جون) کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی کی مناسبت سے انکے مزار پر عوام کو خطاب کریں گے۔

سحر نیوز/ایران: بیسویں صدی کے شہرہ آفاق اور عدیم المثال مذہبی و سیاسی رہنما بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے چودہ خرداد مطابق تین جون انیس و نواسی کو رحلت پائی اور آج اسی مناسبت سے ساری دنیا میں ان سے عقیدت رکھنے والے کروڑوں حریت پسند انکی یاد منانے اور ان کے ساتھ اظہار عقیدت میں مصروف ہیں۔

ہندوستان و پاکستان سمیت دیگر ممالک سے اطلاعات ہیں کہ بانی انقلاب اسلامی کی یاد میں سیمیناروں، کانفرنسوں اور دیگر پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے اور حضرت روح اللہ کے عقیدت مند مختلف شکلوں میں انکے ساتھ اظہار عقیدت و یکجہتی کرنے کے ساتھ ساتھ انکے قائم کردہ اسلامی و انقلابی مکتب کے ساتھ تجدید بیعت کر رہے ہیں۔

آج اسلامی جمہوریہ ایران کی فضا بھی سوگوار ہے اور پورے ملک کی سڑکوں، گلیوں، شاہراہوں اور سرکاری و مذہبی مقامات پر معمار انقلاب کی جانگداز رحلت کی یاد تازہ کرنے والے پوسٹرز بینرز اور عزائیہ پرچم لہراتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی مناسبت سے آج دارالحکومت تہران میں برسی کا مرکزی پروگرام بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر منعقد ہو رہا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے طبی ہدایات اور محدودیتوں کے باعث تین سال کے وقفے کے آج برسی کے اجتماع سے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای براہ راست خطاب فرما رہے ہیں۔

اس خطاب کو سحر اردو ٹی وی سے بھی اردو ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق پروگرام میں ماضی کی طرح ایرانی عوام کے علاوہ، اعلی سول اور فوجی عہدیدار، مختلف ملکوں کے مندوبین نیز غیرملکی نمائندے اور سفرا بھی شرکت کر رہے ہیں۔ 

ٹیگس