ایران ترقی کے اور امریکہ زوال کے راستے پر گامزن ہے: صدر ایران
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ انقلابی جذبے کے تحت پابندیوں کو ناکارہ بنانے کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔
جمعے کو تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ رہبر انقلاب اسلامی شروع ہی سے انقلابی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی اقدامات کے ذریعے پابندیوں سے باہر نکلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صدر ایران کا کہنا تھا کہ امریکی حکام آج اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسلامی انقلاب کامیابی و پیشرفت کے راستے پر گامزن ہے جبکہ امریکہ زوال کی جانب جا رہا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے پابندیوں کو ناکام بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعجب اس بات کا ہے کہ امریکی حکام ایک طرف ایران کے ساتھ سمجھوتے کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف پابندیوں میں اضافہ کرتے جارہے ہیں۔
انہوں نے امریکہ کو وعدہ خلاف ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ کہنے میں پوری طرح حق بجانب ہیں کہ تہران کو واشنگٹن پر ذرہ برابر اعتماد نہیں ہے۔