Jun ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۱:۲۸ Asia/Tehran
  •  امریکہ اگر حقیقت پسندی سے کام لے تو جلد ہی ایٹمی سمجھوتہ ممکن ہے : امیرعبداللہیان

ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ امید ہے کہ امریکی فریق کی حقیقت پسندی سے جلد ہی ویانا میں پابندیوں کی منسوخی کے مذاکرات میں حتمی سمجھوتے تک پہنچ جائیں گے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ امیرعبداللہیان نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے دونوں ملکوں کے درمیان جامع اور طویل مدت تعاون کے معاہدے پرگفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ امریکی فریق حقیقت پسندی سے کام لے گا اور ویانا میں پابندیوں کے خاتمے کے لئے ہونے والے مذاکرات میں جلد ہی حتمی سمجھوتے تک پہنچ جائیں گے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم صیہونی حکومت کو علاقے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

حسین امیر عبداللہیان نے روس یوکرین جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہم جنگ کے مخالف ہیں اسی طرح روس سمیت دیگر ممالک کے خلاف غیرقانونی پابندیوں کے بھی مخالف ہیں ۔

اس پریس کانفرنس میں روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران اور روس اپنے تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں کہا کہ گذشتہ برس ہماری تجارت میں اسّی فیصد کا اضافہ ہوا اور وہ تقریبا چار ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔

روس کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں امریکہ اور اس کے پیرو ممالک کو بین الاقوامی اصولوں اور اقوام متحدہ کے منشور اور ملکوں کے درمیان برابری کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہئے۔

سرگئی لاوروف نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ روس اور ایران قوانین کے منافی امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں کہا کہ امریکہ جس وقت ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکلا اس وقت اس نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا، لہذا ہمیں ایسا کام کرنا چاہئے کہ ایٹمی سمجھوتہ دوہزار پندرہ کی اپنی پہلی شکل میں بلا کسی اضافے کے بحال ہو۔

ٹیگس