اسرائیل نے ایران کی سائبر طاقت کا لوہا مانا
صیہونی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ایران سائبر کے میدان میں اہم کھلاڑی بن گیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: صیہونی حکومت کی سائبر تنظیم کے سربراہ نے یہ بتاتے ہوئے کہ تل ابیب اپنے دفاع کے لیے "سائبر ڈوم" بنانے کی کوشش کر رہا ہے، واضح کیا کہ ایران سائبر کے میدان میں ایک اہم کھلاڑی بن گیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، صیہونی حکومت کی سائبر تنظیم کے سربراہ "گابی پورٹنوئی نے منگل کے روز حکومتی اداروں کے خلاف ہونے والے سائبر حملوں پر روشنی ڈالی۔
عبرانی اخبار معاریو( Ma'ariu ) کے مطابق، تل ابیب سائبر تنظیم کے سربراہ نے اعلان کیا کہ حکومت ایک "سائبر ڈوم" بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معیشت اور اندرونی محاذ کے خلاف سائبر حملوں کے خلاف خود کو مضبوط کر سکے۔
انہوں نے اپنے تبصرے کے ایک اور حصے میں کہا کہ ایران آج سائبر میدان میں حماس اور حزب اللہ کے ساتھ ایک اہم کھلاڑی بن گیا ہے۔"
اس کے باوجود انہوں نے حکومتی اداروں اور تنظیموں کے خلاف سائبر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں دیکھتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ کیسے کام کرتے ہیں۔
پورٹنوئی نے اسرائیل کے خلاف وسیع پیمانے پر سائبر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے دعوی کیا کہ پچھلے سال، ہم نے داخلی محاذ کے خلاف تقریباً 1,500 مختلف سائبر حملوں کو ناکام بنایا۔
صیہونی اہلکار کا دعویٰ ہے کہ وہ تل ابیب کے اداروں اور تنظیموں کے خلاف سائبر سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے جب کہ ہیکر گروپس نے حال ہی میں صیہونی اداروں اور تنظیموں کے خلاف کئی کامیاب سائبر حملے انجام دیئے ہیں۔