Jul ۰۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران میں 6 اعشاریہ 3 شدت کا زلزلہ، 5 افراد جاں بحق متعدد مکانات تباہ

ایران کے صوبے ہرمزگان میں ریکٹر اسکیل پر چھے کی شدت کے ساتھ زلزلے کے مسلسل کئی جھٹکوں کے باعث کم از کم پانچ افراد جاں بحق اور انتالیس زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ایران کے صوبے ہرمزگان کے ساحلی علاقوں بندر خمیر اور بندرلِنگہ میں دس کلومیٹر کی گہرائی میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا اور اسکے بعد پھر ایک اور زلزلہ اسی شدت کے ساتھ بندر کُنگ میں 28 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

جھٹکے یہیں پر نہیں تھمے بلکہ بندر خمیر میں ایک اور زلزلہ 6.3 کی شدت کے ساتھ آیا جس کا مرکز 26 کلومیٹر کی گہرائی میں بتایا جاتا ہے.

سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق اب تک پانچ افراد کے مرنے اور انتالیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ایران کے وزیر صحت بہرام عین اللہی نے فوری طور پر متعلقہ عہدے داروں سے رابطہ کر کے انہیں لازمی احکامات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ تیز رفتار امدادی کارروائیوں پر زور دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے اور آفٹر شاکس کی وجہ سے متعدد گھر تباہ ہوگئے۔زلزلے کی خبر کے فورا بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے امداد رسانی کا کام شروع کر دیا۔

ٹیگس