روس اور ترکی کے صدور کا دورۂ ایران
آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کا ساتواں سربراہی اجلاس ایران، روس اور ترکی کے صدور کی شرکت سے منگل کے روز تہران میں منعقد ہو گا۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق، آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کا ساتواں سربراہی اجلاس ایران کے دارالحکومت تہران میں منگل کو منعقد ہو گا جس میں صدر ایران سید ابراہیم رئیسی، روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور ترکی کے صدررجب طیب اردوغان شریک ہوں گے۔
بحرانِ شام کے سیاسی حل اور جنگ بندی کے قیام کے مقصد سے ابتدائی نشستیں متحارب فریقین کے علاوہ ایران، روس اور ترکی کے نمائندوں کی شرکت سے قازقستان میں منعقد ہوئی تھیں جبکہ آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کا پہلا اجلاس دسمبر 2017 میں ان تینوں ممالک کے سربراہوں کی شرکت سے روس کے شہر سوچی میں منعقد ہوا تھا۔
واضح رہے کہ آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کے ساتویں سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے ترک صدر رجب طیب اردوغان اور روسی صدر ولادیمیر پوتین پیر کو تہران پہنچیں گے اور منگل کی صبح صدر ایران ابراہیم رئیسی سعدآباد کلچرل کمپلیکس میں ان کا باضابطہ استقبال کریں گے۔