Jul ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران نے عراق کی قدردانی کی

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو میں علاقے میں امن و استحکام کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے علاقائی مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق عراق کی تعمیری کوششوں کی قدردانی کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں مختلف موضوعات منجملہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل خاص طور سے تہران اور ریاض کے درمیان مذاکرات کے عمل پر بات چیت ہوئی اور فریقین نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے میں امن و استحکام کو مضبوط و مستحکم بنانے کے مقصد سے علاقائی مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق عراق کی تعمیری کوششوں کی قدردانی کی اور دو طرفہ تعلقات اور علاقائی پہلوؤں میں مشترکہ طور پر مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے عراقی ہم منصب کو عید قربان اور عید غدیر کی مناسبت سے مبارک باد بھی پیش کی۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب کو ایام عید کی مبارک باد پیش کی اور جدہ کے حالیہ اجلاس میں حکومت عراق کی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے حسین امیر عبد اللہیان کو اس اجلاس کے بارے میں جائزے اور نتیجے سے باخبر کیا۔
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انکی حکومت نے جدہ اجلاس میں علاقائی تعاون کے بارے میں ضروری مذاکرات کئے ہیں اور ان کا ملک علاقے میں امن و استحکام کو مضبوط و مستحکم بنانے کی غرض سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
امن و توسیع کے زیر عنواں جدہ اجلاس ہفتے کے روز امریکی صدر جوبائیڈن اور مختلف عرب حکمرانوں منجملہ سعودی عرب، عراق، اردن، مصر، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کے سربراہوں، کویت کے ولی عہد اور عمان کے نائب وزیر اعظم کی شرکت سے منعقد ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ پڑوسی ملکوں کے درمیان ایران اور عراق کے درمیان طویل ترین سرحدوں اور مشترکہ قومی، نسلی، تاریخی اور لسانی رشتے اور مشترکہ دینی و ثقافتی اقدار کے ساتھ مشترکہ اقتصادی و سیکورٹی مفادات، دو طرفہ تعلقات کے اہم ترین عوامل شمار ہوتے ہیں جبکہ وسیع مشترکہ سیاسی، دینی و مذہبی اقدار کی بنا پر دونوں ملکوں کے تعلقات حالیہ برسوں کے دوران نہایت ہی شائستگی کے ساتھ فروغ پائے ہیں اور دونوں کے حکام ان تعلقات کو اور بھی زیادہ فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

ٹیگس