Jul ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۱:۲۲ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کی بحالی تک آئی اے ای اے کے کیمرے بند رہیں گے: ایران

ایران کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے لگائے گئے نگرانی کرنے والے کیمرے 2015 نیکوکلیرڈیل کی بحالی تک بند رہیں گے۔

ایران کے ادارۂ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے اقوام متحدہ کی ایٹمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 2015 کو ہوئے ایٹمی معاہدہ کی بحالی تک ایرانی ایٹمی تنصیبات میں لگے اقوام متحدہ  کے ایٹمی نگراں ادارے کے کیمرے بند رہیں گے، ایران پر الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، اگر الزامات کا یہ سلسلہ جاری رہا تو ان کیمروں کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے ایٹمی توانائی کے نگران ادارے کے سربراہ  نے  جون میں یو این کو خبردار کیا تھا کہ 27 نگرانی کرنے والے کیمرے ایجنسی کے بورڈ آف گورنر میں مغربی ممالک کی طرف سے پیش کردہ قرارداد کے بعد اتارے جا رہے ہیں۔

محمد اسلامی نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے اعتراضات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے کبھی بھی آئی اے ای اے کی طرف سے بنائے  گئے طریقہ کار کی مخالفت کرتے ہوئے یورینیم کی افزودگی نہیں کی اور یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔

اس سے  پہلے ایران کی وزارت خارجہ  کے ترجمان ناصر کنعانی نے گروسی  کے بیان پر ردعمل میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آئی اے ای اے اور این پی ٹی کا کئی برسوں سے رکن ہے اور اس نے بین الاقوامی ایجنسی کے نمائندوں کو اپنی تنصیبات کا معائنہ کرنے کی اجازت دی ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ادارے کے سربراہ رافائل گروسی نے ایرانی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے جانب داری کا مظاہرہ کیا ہے۔

 

ٹیگس