علاقے میں صیہونیوں کی موجودگی عدم استحکام کا باعث: وزیر خارجہ ایران
وزیر خارجہ ایران حسین امیر عبد اللہیان نے امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد آل نہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔انہوں نے کویتی ہم منصب سے بھی علاقائی اور دوطرفہ معاملات پر بات چیت کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں خطے میں صیہونی حکومت کی موجودگی کو عدم استحکام اور بدامنی کا باعث قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت نے کوشش کی کہ حالیہ جدہ کانفرنس کے ذریعے علاقے میں ایک بحران پیدا کرے لیکن کانفرنس کے اکثر شرکا نے سمجھداری کا ثبوت دیتے ہوئے علاقائی تعاون، ترقی اور سلامتی پر زور دیکر صیہونی سازشوں پر پانی پھیر دیا۔
وزیر خارجہ ایران نے ساتھ ہی باہمی تعلقات کی جانب ایران اور امارات کے اعلی عہدے داروں کے مثبت نقطہ نگاہ کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کا خیرمقدم کیا۔
حسین امیرعبداللہیان نے باہمی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کی راہ میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔ ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران انہوں نے پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے ہونے والے مذاکرات کی جانب بھی اشارہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش جاری ہے اور ایران بھی ایک مناسب اور مستحکم نتیجے کے حصول کے لئے سنجیدہ ہے۔
اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد آل نہیان نے ایران اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور اعلی حکام بھی ایران اور امارات کے مابین برادرانہ تعلقات کی اہمیت سے واقف ہیں جس کے لئے سفارتی تعلقات کی سطح کو بڑھانے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد ناصر الصباح سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔