Jul ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • دشمن ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی پوزیشن میں نہیں: صدر ایران

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف ذرہ برابر جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جو دشمنوں کو پچھتانے پر مجبور کردے گا۔

ایران کے صوبۂ ہمدان میں شہید نوژہ فوجی چھاؤنی کے کمانڈروں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر رئیسی نے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران اتنا طاقتور ہو چکا ہے کہ کسی میں بھی اس بات کی جرأت تک نہیں کہ اس سرزمین پر حملہ کرنے کے بارے میں سوچے۔

سید ابراہیم رئیسی نے مغربی ایران کے صوبے ہمدان کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی فوج اور دفاعی طاقت و دفاعی ہتھیاروں پر فخر ہے لیکن اہم ترین بات، میدان عمل میں ایرانی عوام کی موجودگی ہے جو ملکی طاقت و اقتدار اور قومی سلامتی کی ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ارادوں کی جنگ کا دور ہے اور ہماری قوم نے تمام تر مسائل و مشکلات کے باوجود اپنے دین و ایمان کی بنیاد پر اور، ہم کر سکتے ہیں، کے نعرے کے ساتھ متحد ہو کر آگے بڑھنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور دشمن نے ایرانی قوم کا راستہ روکنے کا ارادہ کر رکھا ہے جبکہ ایرانی قوم اپنے دشمنوں کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان، ذلت کے ساتھ یہ کہتے ہیں اور اعتراف کرتے ہیں کہ ایران کے مقابلے میں ہمیں شکست ہوئی ہے اور یہی بیان ایرانی قوم کی کامیابی و ملک کی عزت و اقتدار کو واضح کرتا ہے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ تسلط پسند طاقتیں ہمارے سامنے توسیع پسندی کا مظاہرہ کرتی ہیں تاہم ایران، اپنے موقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا اور ایرانی قوم، ملک کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے ہر قانونی و منطقی قدم اٹھاتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی دیگر قومیں بھی ایران کی اس طاقت پر فخر کرتی ہیں اور اسے اپنے لئے باعث قوت سمجھتی ہیں۔ صدر ایران نے مزید کہا کہ بین الاقوامی آبی گذرگاہوں اور سمندروں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی موجودگی نے ملک کو طاقتور بنایا اور سلامتی کی ضمانت فراہم کی۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا اب جبکہ ملک کو کسی  جنگ کا سامنا نہیں ہے تو فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب دوسرے میدانوں میں عوام  کی خدمت میں مصروف ہیں جس کا نمونہ سیلاب، زلزلے اور کورونا سے نمٹنے کے محاذوں پر دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا  سب سے زیادہ پابندیاں ایران کی دفاعی اور ایٹمی صنعت پر عائد کی گئی ہیں، لیکن ملک میں سب سے زیادہ ترقی بھی انہیں شعبوں میں دکھائی دے رہی ہے جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مسلح افواج نے نہ صرف پابندیوں کا مرحلہ عبور کرلیا بلکہ انہیں بے اثر بھی بنا دیا ہے۔

ٹیگس