ایران کی اجازت کے بغیر کوئی بھی خلیج فارس میں داخل نہیں ہو سکتا: حبیب اللہ سیاری
ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایران کی بحریہ کسی بھی ملک کو ایران سے اجازت لئے بغیر خلیج فارس میں داخل ہونے نہیں دے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کوآرڈینیٹر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے بحری کمانڈوز کی پاس آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران بتایا کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران بحریہ کے جوانوں نے دو سو سے زیادہ کامیاب فوجی کارروائیاں انجام دی تھیں جو کہ اس فوج کی نمایاں کارکردگی اور تجربہ کار ہونے کا بین ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی اجازت کے بغیر کوئی بھی غیرعلاقائی طاقت خلیج فارس میں داخل نہیں ہوسکتی ۔
حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ بحری افواج ایران کے وقار و اقتدار اعلی کی محافظ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی بحریہ اپنا استحکام برقرار رکھتے ہوئے کھلے سمندروں میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی ۔
ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم دنیا کی ظالم طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹے رہیں گے اور یہ ایران کے اسلامی انقلاب کے بنیادی اصول میں شامل ہے۔