Aug ۲۱, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • دنیا کی ہر مسجد صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کا مرکز ہے: ایران

تمام مساجد فلسطین کی مکمل آزادی تک صیہونیوں کے خلاف مزاحمت و استقامت کا مرکز بنی رہیں گی، یہ بات ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہی۔

ناصر کنعانی نے قبلہ اول بیت المقدس کو نذر آتش کئے جانے کی برسی کی مناسبت پر ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ فلسطین کی مکمل آزادی تک دنیا کی تمام مساجد صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت و استقامت کے مرکز کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔

انہوں نے لکھا کہ اب سے ۵۳ سال قبل آج ۲۱ اگست ۱۹۶۹ کو صیہونیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول کو آگ لگا دی تھی اور یہ جرم فلسطین پر قابض صیہونیوں کا پہلا یا آخری جرم نہیں تھا۔

دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک کمانڈر نے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان کی زمینی افواج صیہونی حکومت کی فوج کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے لبنان کی "الاحد" ویب سائٹ کے ساتھ گفتگو میں لبنان کی اسلامی مزاحمت کی تشکیل کی چالیسویں سالگرہ پر مزاحمتی قیادت اور خاص طور پر حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کو مبارکباد پیش کی۔

جنرل نقدی نے اس بات پر زور دیا کہ دشمنوں کو شکست ہمیشہ مزاحمت و استقامت نے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت عظمت اور طاقت کے عروج پر ہیں اور آج کی مزاحمت کی طاقت کا گزشتہ دہائیوں سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ آج تحریک حزب اللہ کے پاس خطے میں سب سے زیادہ طاقتور زمینی فوج ہے جو صیہونی فوج کو تباہ کر سکتی ہے۔

ٹیگس