Aug ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • رواں برس کے دوران ایران و چین کے درمیان تجاری حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچا

ایران اور چین کے درمیان تجارتی لین دین گذشتہ سات ماہ کے دوران گذشتہ سال کے مقابلے میں بائیس فیصد اضافے کے ساتھ دس ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق چین کے کسٹم محکمے نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ سات ماہ کے دوران ایران اور چین کی تجارت نو ارب، سڑسٹھ کروڑ ڈالر مالیت تک پہنچ گئی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق ان سات مہینوں میں چین نے ایران سے چار ارب سینتالیس کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات درآمد کی ہیں جس میں گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تئیس فیصد اضافہ ہونے کا پتہ چلتا ہے جبکہ اس عرصے کے دوران چین نے ایران کو پانچ ارب، بیس کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات برآمد کی ہیں جس میں گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بائیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے گذشتہ سات ماہ میں دنیا کے ساتھ چین کی تجارت کا حجم چار سو اکیاسی ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

ٹیگس