ایرانی عوام دشمن کے سامنے جھکنے والے نہیں: خطیب جمعہ تہران
خطیب نماز جمعہ تہران نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ختم کرانے کے لئے ایرانی مذاکرات کار عوام کے امین، شجاع اور مرد میداں ہیں جو دشمن کو کسی بھی طرح کا غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی جھکیں گے۔
خطیب جمعہ تہران آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز جمعہ کے خطبے میں پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے مذاکرات کے عمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مذاکرات میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے ایک مضبوط اور علاقے کی بڑی سائنسی طاقت کی حیثیت سے ایران برداشت نہیں ہے۔
انہوں نے دشمنوں کے مقابلے میں طاقتور اور مستحکم ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اپنی انقلابی امنگوں پر بدستور قائم ہیں۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے امریکہ کو ایران کا دیرینہ دشمن قرار دیتے ہوئے مذاکرات میں اس سے ہوشیار رہنے پر بھی زور دیا۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ احمد خاتمی نے اسی طرح ایران میں ہفتۂ حکومت کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے مشکلات کے حل کے مقصد سے اسکی دن رات کی جد وجہد کو سراہا اور کہا کہ ایران کی موجودہ حکومت عوام کے ساتھ مستقل طور سے قریبی رابطے میں ہے، عوام کی خدمت میں اپنے شب و روز صرف کر رہی ہے اور اپنے کئے ہوئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھرپور طریقے سے کوشاں ہے۔