ایرانی فوج کی اقتدار 1401 مشقیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں
ایران کی بری فوج کی سالانہ مشقیں پوری کامیابی اور اہداف کی تکمیل کے ساتھ ختم ہوگئیں۔ یہ مشقیں وسطی ایران کے صوبے اصفہان کے جنرل ملٹری زون میں شروع ہوئی تھیں۔
ایران میں اقتدار 1401 سے نام سے انجام پانے والی مشقوں کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مشقوں کے دوران تمام تر فوجی سازومان کو سات سو کلومیٹر سے زائد کے فاصلے سے، ایرانی ماہرین کی تیارہ کردہ ہیوی اور الٹرا ہیوی گاڑیوں کے ذریعے کم ترین وقت میں، ڈِرِل زون میں منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بری فوج کے ایئر ونگ کے ہیلی کاپٹروں اور ریپیڈ ایکشن فورس نے موبلائیزیشن آپریشن انجام دیا جو اپنی پیچیدگی اور مہارت کے لحاظ سے حالیہ مشقوں کی بہترین کامیابی شمار ہوتا ہے۔
فوجی مشقوں کے ترجمان نے جنگ جیسے ماحول میں، ہیلی کاپٹروں میں نصب نائٹ ویژن سسٹموں کے کامیاب تجربے کو ایرانی فوج کے ایئر ونگ اور اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے اشتراک کا نمونہ قرار دیا۔
اقتدار 1401 فوجی مشقوں کے ترجمان نے ڈرون یونٹ کے کامیاب فلائنگ آپریشن کو فوجی مشقوں کی ایک اور کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لڑاکا اور ہتھیار بند ڈرون طیاروں نے فرضی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا اور اگلے مرحلے میں اپنی فوجوں کو فضائی شیلٹر بھی فراہم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اقتدار چودہ سو ایک مشقوں کے دوران پہلی بار فتح 360 اور فجر 5 قسم کے میزائلوں کا بھی کامیاب تجربہ کیا گیا۔ فتح میزائل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ میزائل اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے فوجی مشقوں کے اختتام سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ارضی سالمیت اور اقتدار کا دفاع نیز مقدس اسلامی نظام کی سربلندی کی خطیر ذمہ داری ایرانی فوج کے کاندھوں پر ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی بری فوج کے تمام دستے پوری آمادگی کی حالت میں ہیں اور فوجی مشقوں کے دوران ہمارے توپ خانے، ڈرون، بکتر بند اور ہراول دستے نے پوری تن دہی کے ساتھ فرضی دشمن کو ناکو چنے چبوا دیئے ہیں۔
ایرانی فوج کے کمانڈر نے واضح کیا کہ ہماری بری فوج نے مختلف مشقوں کے دوران ڈرون طیاروں کے کامیاب استعمال کے ذریعے، اس میدان میں اپنی برتری اور صلاحیت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔