Sep ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ایران کے شمالی صوبے گیلان کے مرکز رشت میں حالیہ ہنگامہ آرائیوں کے دوران بلوائیوں اور شرپسندوں سے دھماکہ خیز مواد سمیت بڑی تعداد میں سرد اور گرم اسلحہ پکڑا گیا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شمالی صوبے گیلان کے مرکز رشت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہنگامہ آرائیوں کے دوران بلوائیوں اور شرپسندوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا ہے جس میں دھماکہ خیز مواد اور دیسی ساختہ دستی بموں میں استعمال ہونے والا مواد اور بڑی تعداد میں سرد اور گرم اسلحہ شامل ہے۔ 

رشت پولیس نے پکڑا گیا اسلحہ میڈیا کو دکھایا جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ پولیس، سپاہ پاسداران اور رضا کار فورس بسیج  کی مختلف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ سپاہ پاسداران کی عاشورا انٹیلی جینس ونگ نے اعلان کیا ہے کہ  ایران کو نشانہ بنانے کی غرض سے شہر تبریز میں بھی بم دھماکے اور دستی بموں سے حملہ کرنے کی منافقین اور ان کے آقاؤں کے آلہ کاروں کی سازش کو ناکام بنانا گیا ہے۔اس کارروائی میں متعدد دہشت گرد گرفتار بھی کئے گئے ہیں۔

ایران میں مہسا امینی کی موت کے بہانے غیر قانونی اجتماعات کے ساتھ ہی دہشت گردوں اور ایم کے او دہشتگرد ٹولے سے وابستہ عناصر نے ایرانی عوام کو نشانہ بنانے اور ان اجتماعات سے غلط فائدہ اٹھا کر ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کرنے کے لئے تبریز کے مختلف علاقوں میں دستی بموں سے حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ 

ٹیگس