Oct ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی بحری بیڑا بندرعباس میں لنگرانداز
    ہندوستانی بحری بیڑا بندرعباس میں لنگرانداز

ایرانی بحریہ کے ایک کمانڈر نے ہندوستانی اور ایرانی بحری افواج کے بحری بیڑوں کی ایک دوسرے کی بندرگاہوں پر بیک وقت لنگرانداز ہونے کی اطلاع دی ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل رضا قربانی نے  ہندوستانی بحری بیڑے کو خوش آمدید کہنے کی تقریب کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ہندوستان کے تین جنگی بحری جہازوں کے میزبان ہیں، ان بحری جہازوں کی موجودگی سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، امن و دوستی، تعاون، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ اور فوجی علوم کے منتقلی کو فروغ حاصل ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق ایڈمرل رضا قربانی نے مزید کہا کہ ایرانی بحریہ علاقائی اور بین الاقوامی سمندروں میں ایرانی مفادات کے تحفظ اور میری ٹائم ڈپلومیسی کی ذمہ دار ہے اور یہ تعلقات جاری رہیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ایران کے تین جنگی جہاز عمان کی سلالہ بندرگاہ اور ہندوستان میں ممبئي کی نیول بیس میں لنگرانداز ہیں اور ایک دوسرے سے بات چیت، دورہ جات اور تعلیمی تبادلات انجام دے رہے ہیں۔

ہندوستانی  بحری بیڑہ تین دن تک بندرعباس میں لنگر انداز رہے گا ۔ ایڈمرل قربانی نے بتایا کہ ان تین دنوں کے بارے میں پروگرام بن چکے ہيں جس سے امید ہے دونوں ممالک ایران و ہندوستان کی بحری افواج کے تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

ٹیگس